قوموں کی تقدیر بدلنے کا دوسرا نام، انقلاب

0

قوموں کی تقدیر بدلنے کا دوسرا نام، انقلاب

قوموں کی تاریخ اس حقیقت پر گواہ ہے کہ جب ظلم اپنی انتہا کو چھو لیتا ہے اور حکمران عوام کے دکھ درد سے منہ موڑ لیتے ہیں، تب انقلاب جنم لیتا ہے۔ انقلاب محض نعروں یا کتابوں کا لفظ نہیں، بلکہ یہ وہ آگ ہے جو مظلوموں کے دل میں سلگتی ہے، وہ طوفان ہے جو ظالم کے تخت کو بہا لے جاتا ہے۔

پاکستانی قوم آج ایک ایسے دوراہے پر کھڑی ہے جہاں ہر طرف مہنگائی، غربت اور بے روزگاری نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ مزدور کی دہاڑی ختم ہو گئی ہے، تنخواہ دار کی آمدنی کم ہو گئی ہے، مگر بازاروں میں چیزوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہی ہے جبکہ حکمران اپنی عیاشیوں میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ محلات میں بیٹھے یہ حکمران اپنی تجوریاں بھرنے میں لگے ہیں، ان کے قافلے، پروٹوکول، باہر کے دورے اور عیاشیوں کے اخراجات ختم ہونے کا نام نہیں لیتے۔

کیا یہی پاکستان کا خواب تھا؟ وہ پاکستان جسے قربانیوں سے حاصل کیا گیا، کیا اس کے باسی اس لیے قربانیاں دیتے رہے کہ آج ان کے بچے بھوک سے بلکیں اور حکمران اشرافیہ اپنی طاقت کے نشے میں عوام کو کچلتی رہے؟ یہ ظلم کب تک برداشت کیا جائے گا؟

قوموں کی تقدیر اس وقت بدلتی ہے جب عوام اپنے حق کے لیے اٹھ کھڑی ہوتی ہے۔ انقلاب صرف تلوار سے نہیں آتا، یہ شعور سے بھی آتا ہے، یہ اتحاد سے بھی آتا ہے۔ جب عوام ظلم کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں اور ناانصافی کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہیں تو پھر کوئی طاقت انقلاب کو روک نہیں سکتی۔

پاکستانی عوام کے دلوں میں اب بھی امید کی شمع جل رہی ہے۔ یہ قوم بیدار ہو رہی ہے، نوجوانوں میں شعور بیدار ہو رہا ہے، مائیں اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے پریشان ہیں، اور مزدور اپنے خون پسینے کی کمائی کا حساب مانگ رہا ہے۔ یہی وہ نشانیاں ہیں جو اس بات کی گواہی دے رہی ہیں کہ تبدیلی اب زیادہ دور نہیں۔

انقلاب کا مطلب صرف حکومت بدلنا نہیں بلکہ نظام بدلنا ہے۔ ایک ایسا نظام جو انصاف پر قائم ہو، جہاں امیر اور غریب کے لیے ایک ہی قانون ہو، جہاں حکمران عوام کے خادم ہوں نہ کہ آقا، جہاں تعلیم، صحت اور روزگار سب کے لیے یکساں ہوں۔ یہی اصل انقلاب ہے اور یہی وہ منزل ہے جو پاکستانی قوم کو اپنی تقدیر بدلنے کے لیے درکار ہے۔

وقت آ چکا ہے کہ یہ قوم خواب غفلت سے جاگے، اپنے حق کے لیے کھڑی ہو، ظلم اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرے اور ایک ایسا پاکستان بنائے جو اپنے عوام کے لیے جنت سے کم نہ ہو۔ یاد رکھو! قوموں کی تقدیر بدلنے کا دوسرا نام انقلاب ہے۔

تحریر: رانا علی فیصل
🌐 ویب سائٹ: www.ranaaliofficial.com
📢 واٹس ایپ چینل: کلک کریں اور جوائن کریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *